حوزہ نیوز ایجنسی یزد سے نمائندہ کے مطابق، آیت اللہ محمد رضا ناصری نے یزد شہر میں اس ہفتے کے نماز جمعہ کے خطبوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال اور کردار کا نگران ہے اور جو کچھ ہم اس دنیا میں کرتے ہیں، آخرت میں اللہ کے سامنے اس کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا: دنیا اور آخرت میں ہماری سعادت اور بدبختی کا انحصار ہمارے اعمال پر ہے۔ اس لیے اگر ہم خوش بختی اور اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے اعمال اور کردار درست اور اللہ کی رضا کے مطابق ہونے چاہئیں۔
آیت اللہ ناصری نے کہا: گناہ انسان کے زوال کا سبب بنتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیدا کیا ہے اور ہماری تکمیل و ترقی کے لیے منصوبے بنائے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ گناہ اور نافرمانی انسان کو زوال اور اللہ سے دوری کی طرف لے جاتی ہے۔
انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے سورہ انفال کی آیت نمبر 29 میں فرمایا: "یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا إِنْ تَتَّقُوا اللَّهَ یَجْعَلْ لَکُمْ فُرْقَانًا" یعنی: اے ایمان والو! اگر تم اللہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو تو وہ تمہیں فرقان (حق و باطل میں تمیز کرنے کی صلاحیت) عطا کرے گا۔
یزد کے امام جمعہ نے کہا: ہمیں ہمیشہ شیطان سے چوکنا رہنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں ہدایت اور بندگی کے راستے پر قائم رکھے اور گناہ اور شیطان کے راستے سے دور رکھے۔